بھارت : خاتون کی ناک کی کیل کا پیچ ڈھیلا ہو کرپھیپھڑے میں چلا گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت میں خاتون کی ناک کی کیل کا پیچ ڈھیلا ہو کر گہری سانس لینے پر پھیپھڑے میں چلا گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق کولکتہ سے تعلق رکھنے والی ورشا ساہو گزشتہ ماہ سانس لینے میں تکلیف ہونے پر ڈاکٹر کے پاس گئیں تو یہ بات سامنے آئی کہ ان کی ناک کی کیل کا پیچ ڈھیلا ہو کر سانس لینے پر ان کے پھیپھڑے میں چلا گیا ہے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے تقریباً 17 سال پہلے شادی کے بعد سے ناک کی کیل پہننا شروع کی تھی اور کبھی سوچا نہیں تھا کہ وہ میرے پھیپھڑے میں پھنس جائے گا۔
ورشا ساہو نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ کب یہ کیل کا پیچ ڈھیلا ہوکر میرے پھیپھڑےمیں چلا گیا، میرا خیال تھا کہ یہ معدے میں جا چکا ہے اور قدرتی طور پر ہاضمے کے نظام کی مدد سے جسم سے باہر نکل جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ سانس لینے میں تکلیف ہوئی اور ڈاکٹروں سے رجوع کیا، تاہم سرجری کے بعد اس پیچ کو باہر نکال دیا گیا۔
خاتون کی سرجری کرنے والے ڈاکٹر نے اسے ایک ’نہایت غیر معمولی کیس‘ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ گزشتہ دہائی میں ایسے صرف دو ہی کیسز سامنے آئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون اسپتال سے گھر منتقل ہوگئی ہیں جن کی حالت اب بہتر ہے۔