ملک بھر سے سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم


کراچی (قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے کراچی تجاوزات کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔سپریم کورٹ نے ملک بھر سے سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ حکمنامے کی کاپی اٹارنی جنرل، تمام ایڈووکیٹ جنرلز اور تمام سرکاری اداروں کو بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے۔
پیمرا کو اس ضمن میں پبلک سروس میسج شائع اور نشر کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے حکمنامے کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتیں 3 دن میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ختم کریں۔حکم نامے کے مطابق متعلقہ ادارے قبضہ کرنے والوں کے اخراجات پرتجاوزات ختم کریں،
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل، کےایم سی کے وکیل کو عملدرآمد رپورٹ پیش کرنےکی ہدایت کردی۔
سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے سڑکوں پر قبضے اور تجاوزات ہیں، قبضہ کرنے والا سمجھتا ہے اس کی اپنی پراپرٹی کے سامنے قبضہ کرنا اس کا حق ہے، لوگوں نے فٹ پاتھوں پر جنریٹر تک لگا دیئے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بھی تجاوزات قائم کر رکھی ہیں، شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت روکنے کا اختیار کسی کے پاس نہیں۔