میرا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہونے پر کئی گھروں میں طلاقیں ہو سکتی ہیں: متھیرا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی بے باک اداکارہ و میزبان متھیرا نے خبردار کیا ہے کہ اگر اُن کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہو جاتا ہے تو کئی گھروں میں طلاقیں ہو سکتی ہیں۔
متھیرا نے حال ہی میں ایک نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور کیریئر کے آغاز میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں گفتگو کی۔
اُنہوں نے شو کے دوران انکشاف کیا کہ میرے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے اِن باکس میں بہت سے مردوں کے پیغامات آئے ہوئے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ اگر میرا انسٹاگرام اکاؤنٹ کبھی ہیک ہو جاتا ہے اور میرے ان باکس سے مردوں کی جانب سے بھیجے گئے میسجز سب کے سامنے آ جاتے ہیں تو کئی گھر اجڑ سکتے ہیں اور شادیاں ٹوٹ سکتی ہیں۔
متھیرا نے واضح کیا کہ میرے کسی سے بھی کوئی خاص تعلقات نہیں ہیں اور نہ ہی میں کسی کو دوست بنانا چاہتی ہوں کیونکہ ہر رشتہ ہی ایک نہ ایک دن ٹوٹ جاتا ہے اور میری نظر میں رشتوں کا ختم ہونا غلط ہے کیونکہ رشتے ٹوٹنے کے ساتھ انسان بھی ٹوٹ جاتا ہے۔
اُنہوں نے شادی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں دوسری شادی نہیں کروں گی اور نہ ہی ابھی تک مجھے کسی کی جانب سے ایسی کوئی پیش کش موصول ہوئی ہے۔