آئس کریم کیوں نہیں دی؟ عدالت کا آن لائن ڈلیوری ایپ پر ہزاروں کا جرمانہ


بنگلورو(قدرت روزنامہ)بھارت کی ایک عدالت نے صارف سے پیسے وصول کرنے کے باوجود اسے آئس کریم ڈلیور نہ کرنے پر آن لائن فوڈ ڈلیوری ایپ کو 5000 روپے (پاکستانی 20،000) بطور معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر بنگلورو میں ایک عدالت نے حال ہی میں آن لائن فوڈ آرڈرنگ پلیٹ فارم Swiggy کو ہدایت کی ہے کہ وہ صارف جس سے پیسے وصول کیے جانے کے باوجود آئس کریم ڈلیور نہیں کی گئی، کو 5,000 روپے ادا کرے۔
عدالت نے پلیٹ فارم کو یہ بھی ہدایت کی کہ آئس کریم کا آرڈر دیتے ہوئے صارف کی جانب سے ادا کی گئی 187 روپے کی رقم بھی واپس کی جائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ شکایت کنندہ نے ثابت کیا ہے کہ فریق مخالف کی جانب سے سروس تھیک طریقے سے بجا نہیں لائی گئیں، پلیٹ فارم نے شکایت کنندہ کی جانب سے ادا کی گئی رقم واپس بھی نہیں کی ہے حالانکہ آرڈر کی گئی پروڈکٹ شکایت کنندہ کو نہیں پہنچائی گئی۔ پلیٹ فارم کا یہ عمل غیرمعیاری سروس اور غیرپیشہ ورانہ طریقے سے بزنس کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔
گاہک نے دعویٰ کیا کہ سوئیگی ایپ پر شو ہوا کہ آرڈر ڈلیور کردیا گیا ہے جبکہ حقیقت میں آئس کریم موصول ہی نہیں ہوئی۔ جب گاہک نے شکایت درج کرانے کیلئے سوئیگی سے رابطہ کیا تو اس نے آرڈر کی رقم واپس نہیں کی جس کے بعد گاہک نے عدالت سے رجوع کیا۔