علی رضا عابدی کے قتل میں ملوث چار مجرموں کو عمر قید کا حکم


کراچی(قدرت روزنامہ)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کے قتل میں ملوث 4 مجرموں کو عمر قید کی سزا سنادی۔ کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کے قتل کیس کا فیصلہ سنادیا۔ استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔
عدالت نے ایم کیو ایم رہنماء رضا علی عابدی قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر 4 مجرمان کو عمر قید کی سزا سنادی۔ ان میں عبدالحسیب، غزالی، محمد فاروق اور ابو بکر شامل ہیں۔ عدالت نے ملزمان پر ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
عدالت نے مقدمے کے مفرور ملزمان محمد فاروق، حسنین، غلام مرتضیٰ عرف کالی چرن کے خلاف مقدمہ داخل دفتر کردیا اور کہا ہے کہ ملزمان جب بھی گرفتا ہوں عدالت کے سامنے پیش کیے جائیں۔
پولیس کے مطابق گھات لگائے حملہ آوروں نے علی رضا عابدی کو اس وقت نشانہ بنایا جب ان کی گاڑی گھر میں داخل ہورہی تھی۔ دہشت گردوں نے نائن ایم ایم پستول استعمال کیا۔ علی رضا عابدی کے سر، گردن اور سینے میں گولیاں لگیں تھیں۔ انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبرنہ ہوسکے۔
قاتلوں کے خلاف گذری تھانے میں دہشت گردی ایکٹ اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔