خیبر پختونخوامیں حالیہ بارشوں کے دوران 17 شہری جاں بحق، 23 زخمی، پی ڈی ایم اے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صوبہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ 3 روز کے دوران حالیہ بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 17 افراد ہلاک جبکہ 23 زخمی ہوئے ہیں، پی ڈی ایم اے کے مطابق ہلاک شدگان میں 9 مرد، 3 خواتین اور 5 بچے شامل تھے۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث جانی اور مالی نقصانات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات باجوڑ ،سوات، مانسہرہ، بٹگرام، دیر لوئر مالاکنڈ، لکی مروت، کوہاٹ اورکزئی، شانگلہ، دیر اپر، بونیر، چترال لوئر، نوشہرہ، مھمند اور شمالی وزیرستان میں رونما ہوئے۔
’مجموعی طور پر زخمی ہونیوالوں میں زخمیوں میں 9 مرد 3 خواتین اور 11 بچے شامل ہیں، دیواریں، چھتیں اور آسمانی بجلی گرنے سے مجموعی طور پر 116 گھروں کو نقصان پہنچا، جس میں 100 گھروں کو جزوی اور 16 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔‘
پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں میں سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ہوا، جہاں 5 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 10 شہری زخمی اور 20 گھروں کو نقصان پہنچا، اسی طرح بارشوں کے باعث مختلف اضلاع میں 148 مویشی ہلاک، 4 اسکولوں سمیت 9 دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں، بارشوں کے باعث تمام بند شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے، متاثرہ اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد مالی و امدادی معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔
’پی ڈی ایم اے، متعلقہ ادارے اور تمام ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔‘