ہراسانی کا الزام؛ کرشنا مکھرجی کی حمایت میں دیگر اداکار بھی سامنے آگئے
ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی پروڈیوسر کیخلاف ہراسانی کا الزام عائد کرنے والی ٹیلی ویژن اداکارہ کرشنا مکھرجی کی حمایت میں دیگر اداکار بھی سامنے آگئے۔ گزشتہ روز بھارتی ڈرامہ ٹیلی ویژن انڈسٹری کی نامور اداکارہ کرشنا مکھرجی نے سیریل ’’شبھ شگن‘‘ کے پروڈیوسر کندن سنگھ پر انہیں ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک بار جب سیٹ پر ان کی طبیعت بہتر نہیں تھی اور وہ شوٹ کرنے سے ہچکچا رہی تھیں تو اس وقت پروڈیوسر نے انہیں میک اپ روم میں بند کردیا تھا جبکہ پروڈکشن ہاؤس نے اب تک ان کے 30 لاکھ روپے کا بقیہ معاوضہ بھی ادا نہیں کیا ہے۔
کندن سنگھ نے اداکارہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے جھوٹ قرار دیا اور انہوں نے کرشنا مکھرجی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا۔
دوسری جانب کرشنا مکھرجی کے الزامات کے بعد ڈرامہ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے دیگر اداکاروں جیسے ادیتی بھاٹیہ، اویناش مشرا، پاویترا پونیا، نینا کلکرنی نے اداکارہ کیخلاف پروڈیوسر کے رویے کو تلخ حقیقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ ہمیں اپنی ملکیت سمجھے، آپ اس جنگ میں اکیلی نہیں ہیں۔