پاکستان کو کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے مالی اہداف پر عمل کرنا ہوگا، آئی ایم ایف
واشنگٹن (قدرت روزنامہ) آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کے تحت دوسرا جائزہ کی منظوری دیتے ہوئے فوری طور پر 1.1 ارب ڈالر پاکستان کو جاری کرنے کی منظوری دی۔
آئی ایم ایف نے اعلامیے میں کہا کہ اس منظوری کے بعد پاکستان کے ساتھ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت تین ارب ڈالر کی مجموعی ادائیگی مکمل ہو جائے گی۔ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام مکمل ہوگیا ہے، جس کے تحت دوسرے اور آخری جائزے کی تکمیل پاکستانی حکام کی مضبوط پالیسی کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے، جس نے معیشت کے استحکام اور معمولی ترقی کی واپسی میں مدد کی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کو استحکام سے مضبوط اور پائیدار بحالی کی طرف لے جانے کے لیے حکام کو اپنی پالیسی اور اصلاحات کی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
آئی ایم ایف نے مزید کہا کہ پاکستانی حکام کو کمزور اور پسماندہ طبقے کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے مالی اہداف پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، اسکے ساتھ ساتھ بیرونی جھٹکوں کو جذب کرنے کے لیے مارکیٹ سے طے شدہ شرح مبادلہ اور مضبوط اور زیادہ جامع ترقی کی حمایت کے لیے سخت اصلاحات کو وسعت دینا ہوگی۔