وفاقی وزیر داخلہ کا رینجرز ہیڈ کوارٹرز سندھ کا دورہ، آپریشنل تیاریوں، امن و امان پر بریفنگ
کراچی (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) کا دورہ کیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل اظہر وقاص نے رینجرز ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر وفا قی وزیر داخلہ کو خوش آمدید کہا، وزیر داخلہ نے یاد گار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دُعا کی۔
وفاقی وزیر داخلہ کو پاکستان رینجرز(سندھ) کی آپریشنل تیاریوں، مشرقی سرحد، سندھ بھر بالخصوص کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن اور کراچی میں امن وامان کی صورت حال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے صوبے بھر میں دہشتگردی، کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف بھر پور کارروائیوں اور دیگر جرائم کے تدارک کے لئے کئے گئے اقدامات اور امن وامان کے قیام کے لئے رینجرز کے کردار کو سراہا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبہ سندھ بالخصوص کراچی کے امن کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔