کراچی؛ تیز رفتار کار ڈمپر سے جا ٹکرائی، نوجوان جاں بحق، 4 زخمی


کراچی(قدرت روزنامہ) سپرہائی وے نیو سبزی منڈی کے قریب تیز رفتار کار سڑک کے کنارے کھڑے ڈمپر سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پانچوں دوست جمیل میمن سوسائٹی سے قربانی کی گائے دیکھ کر واپس آرہے تھے۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی 7 ماہ قبل شادی ہوئی تھی اور وہ اپنی بیوہ ماں کی اکلوتی اولاد تھا۔
سچل تھانے کی حدود سپرہائی وے نیو سبزی منڈی کے قریب تیز رفتار کار نمبر APB-592 کو پیش آنے والے حادثے کی اطلاع ملنے پر ایمبولینس کے ذریعے لاش اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے میں جاں بحق نوجوان کی شناخت 28 سالہ نعمان ولد امین کے نام سے کی گئی جب کہ زخمیوں میں 24 سالہ اویس ولد رشید ، 25 سالہ احمد مجتبیٰ ولد عمران ، 20 سالہ خزیمہ ولد نعمان اور 22 سالہ احمد ولد ناصر شامل ہیں ۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 2 نوجوانوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔
کار حادثے میں زخمی نوجوان اویس کی تھی اور وہی چلا رہا تھا۔ پانچوں دوست سپرہائی وے پر واقع سوسائٹی میں قربانی کی گائے دیکھنے گئے تھے اور واپسی پر حادثے کا شکار ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والا نعمان جمشید روڈ نیوٹاؤن مسجد کے قریب کا رہائشی اور اپنی بیوہ ماں کی اکلوتی اولاد تھا جب کہ وہ نیو ایم اے جناح روڈ پر گاڑیوں کے شور روم پر کام کرتا تھا ۔ متوفی نعمان کی 7 ماہ قبل شادی ہوئی تھی ۔ متوفی کے والد زمینوں کی خریدو فروخت کا کام کرتے تھے، جنہیں 3 سال قبل سرجانی ٹاؤن سے واپسی پر ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا ۔ زخمی ہونے والے احمد مجتبیٰ اور خزیمہ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔