سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس پر اپنے ہی مال کے دفتر پر قبضے کی کوشش کا مقدمہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس پر اپنے ہی مال کے دفتر پر قبضے کی کوشش کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں درج مقدمہ کے مطابق قبضے کی کوشش میں تنویر الیاس نے فائرنگ بھی کی۔
مقدمہ ڈپٹی سیکیورٹی انچارج نجی مال کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں سردار تنویر الیاس، محمد علی، انیل سلطان، رضوان اور دیگر کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق تنویر الیاس 20 سے 25 افراد کے ساتھ نجی مال کے دفتر میں تالا توڑ کر داخل ہوئے، انہوں نے دفتر پر قبضے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی گارڈز نے ناکام بنا دیا۔
درج مقدمے کے مطابق تنویر الیاس نے سردار یاسر الیاس خان، سردار ڈاکٹر راشد الیاس کو جان سے مارنے کی دھمکی دی، انہوں نے ساتھیوں کے ہمراہ دفتر کی سیکیورٹی پر مامور سیکیورٹی اہلکار پر تشدد کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق تنویر الیاس نے ڈپٹی سیکیورٹی انچارج نجی مال پر فائر بھی کیا جو مس ہو گیا۔