نیشنل پارٹی مزدوروں، کسانوں اور چرواہوں کے مفادات کی محافظ ہے، ڈاکٹر مالک


تربت(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی ضلع کیچ کے زیر اہتمام یکم مئی کو یوم مزدورکی مناسبت سے ضلعی سیکریٹریٹ میں ایک اجتماع منعقد ہوئی، جس میں پارٹی کارکنوں نے بھرپور شرکت کی ،اجتماع سے نیشنل پارٹی کے سربراہ و ممبر بلوچستان اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکم مئی مزدوروں کی جدوجہد کی علامت ہے اور اس جدوجہد نے پوری دنیا میں ایک تاریخ رقم کردی،انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی چونکہ مزدور، کسان اور چرواہے کی مفادات کا محافظ ہے لہٰذا وہ ہمیشہ مزدوروں کی حقوق کیلئے آواز بلند کرے گی،انہوں نے ضلعی قیادت پر زور دیا کہ نیشنل پارٹی ایک نظریاتی پارٹی ہے لہٰذا کارکنان کی بالخصوص نوجوانوں کی سیاسی و علمی تربیت کیلئے باقاعدگی سے پروگرام کاآغاز کیا جائے تاکہ نوجوان علمی و سیاسی حوالے سے لیس ہو کر آنے والے چیلنجز کا مقابلہ احسن طریقے سے کرسکیں،انہوں نے مزید کہا کہ بارکھان سے لیکر جیونی تک عوام نے جو مینڈیٹ نیشنل پارٹی کو دیااس سے قبل کسی اور پارٹی کو نہیں دیا گیا ہے مگر بدقسمتی سے اداروں کی مداخلت نے نیشنل پارٹی کی فتح کو شکست میں تبدیل کرلیاگیا ایسے لوگوں کو عوام پر زبردستی مسلط کیا گیا جن کا عوام سے کوئی سروکار نہیںانہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کو قومی پارٹی بنانے کیلئے کارکناں اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پارٹی کا پروگرام گھر گھر پہنچائیں تاکہ نیشنل پارٹی عوامی قوت بن کر حقوق کی جدوجہد کو موثر طریقے سے آگے بڑھائے اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما کہدہ اکرم دشتی، بی ایس او پجار کے چیئرمین بوھیر صالح، نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن و ریجنل سیکرٹری برائے مکران واجہ ابولحسن بلوچ، ضلعی صدر یونس جاوید، چیئرمین منصور بلوچ سمیت گل سمین ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا جبکہ اسٹیج سکریٹری کے فرائض ضلعی جنرل سکریٹری سرتاج گچکی نے سرانجام دئیے۔