لندن: میئر کے انتخابات کل ہوں گے، لیبرپارٹی کے صادق خان کئی حریفوں سے مد مقابل
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لندن میں میئر کے انتخابات کل ہوں گے جس میں لیبرپارٹی کے صادق خان کا کئی حریفوں سے مقابلہ ہوگا۔
کنزریٹو پارٹی اور ہارو کونسل کی لیڈر سوزن ہال بھی صادق خان کے مد مقابل ہیں جو چاہتی ہیں کہ الٹرا لو ایمیژن زونز (ULEZ) کا پھیلاؤ ختم کیا جائے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ہال اگر کامیاب ہوئیں تو وہ یقینی بنائیں گی کہ ٹرانسپورٹ فار لندن (ٹی ایف ایل) ULEZ احکامات پر عمل نہ کرنیوالے ڈرائیورز کو چارج نہ کرے۔
سوزن ہال پولیس اہلکاروں کی تعداد میں پندرہ سو کا اضافہ کریں گی اور بارو پولیسنگ دوبارہ سے شروع کی جائے گی، ان تمام معاملات کیلئے دو سو ملین پاؤنڈ صرف کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
سوزن ہال چوریوں اور ڈکیتیوں پر قابو پانے کیلئے اسپیشل یونٹ بھی قائم کریں گی۔ جبکہ سٹی ہال میں خاتون کمشنر کا بھی تقرر کیا جائے گا۔
دوسری جانب لبرل ڈیموکریٹ کے رہنما راب بلیکی بھی صادق خان کے مدمقابل میدان میں موجود ہیں۔
راب کہتے ہیں کہ کامیاب ہوئے تو وہ جنسی جرائم پر قابو پانے کیلئے نیا یونٹ قائم کریں گے، ان کا فوکس میٹروپولیٹن پولیس پر ہوگا۔
ریفارم یوکے پارٹی کے ہاؤرڈ کاکس بھی میدان میں ہیں، وہ ’فیئر فیول یوکے‘ کیمپئن کے بانی ہیں، کاکس فیول ٹیکس کو منجمد کرنا چاہتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کامیاب ہوئے تو وہ ULEZ کو ختم کردیں گے۔
ہاؤرڈ کاکس بھی پولیس کی موجودگی بڑھانا اور ایفورڈ ایبل گھروں کی تعداد میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔
دا گرین پارٹی کی زوئے گاربٹ بھی میدان ہیں جبکہ میئر کے انتخابات میں برائن روز لندن رئیل پارٹی کے امیدوار ہیں، سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی ایمی گیلاگھر، بریٹن فرسٹ کے نک اسکینلن بھی میئر لندن کے امیدوار ہیں۔
اینیمل ویلفیئر پارٹی کی فیمی امین بھی میئیرلندن کی امیدوار ہیں جبکہ نتالی کیمپبیل انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لے رہی ہیں۔