متحدہ عرب امارات کے حکمران نمائندے کے انتقال پر شہباز شریف کی اظہارِ تعزیت
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات کے حکمران نمائندے اور شاہی خاندان کے ایک اہم عہدیدار شیخ طہنون بن محمد النہیان انتقال کر گئے، اماراتی حکومت نے ان کے انتقال پر 7 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔
العریبیہ کی رپورٹ کے مطابق شیخ طہنون بن محمد النہیان متحدہ عرب امارات کے بانی مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کے قریبی ساتھی بھی تھے، وہ گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے سے 82 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے اماراتی شہر العین میں حکمران نمائندے شیخ طہنون بن محمد النہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نےشیخ طہنون بن محمد النہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
اس کےعلاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے حکمران نمائندے شیخ تہنون بن محمد النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
سماجی پلیٹ فارم ایکس پر وزیراعظم نے لکھا کہ وہ شیخ طہنون بن محمد النہیان کے انتقال پر افسردہ ہیں، دکھ کی اس لمحے میں وہ متحدہ عرب امارات حکمران اور عوام کے ساتھ ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے میں ان کے کردار کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔