پختونخوا؛ سکیورٹی فورسز اور پولیس وین پر حملے، جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک


پشاور(قدرت روزنامہ) پختونخوا میں سکیورٹی فورسز اور پولیس وین پر حملوں میں جوابی فائرنگ میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ڈی آئی خان میں موٹرسائیکل سوار 3 دہشت گردوں نے روکنے کے اشارے پر سکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ ناکا بندی پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس پر فورسز کی جوابی فائرنگ سے تینوں حملہ آور ہلاک ہو گئے۔
سکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ ناکا بندی دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی ۔ ناکا بندی اُسی مقام پر قائم کی گئی تھی جہاں سے چند روز قبل ایڈیشنل سیشن جج شاکر اللہ مروت کو اغوا کیا گیا تھا ۔
پولیس کے مطابق مرنے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 9 دستی بم‘ کلاشنکوف‘ میگزین‘ مختلف موبائل فونز اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
دوسری جانب ٹانک میں پولیس وین پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا ہے۔پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے ڈی ایس پی سید مرجان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ نامعلوم افراد نے پولیس وین پر حملہ پنگ کے علاقہ گلڑا خلہ میں کیا ، جہاں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور پولیس کی بھاری نفری روانہ کردی گئی ہے۔