بلدیاتی نظام کو مضبوط اور فعال بناکر اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کی جائے، میئر پشین


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشین کے میئر سردار اکبر ترین، ڈسٹرکٹ سید شکور آغا ، چیئرمین قلعہ عبداللہ حاجی دین محمد، اسرار خان کاکڑ سمیت دیگر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی نظام کی افادیت کو موثر بناتے ہوئے لوگوں کو ان کی دہلیز پر مسائل کے حل کے لئے اختیارات اور وسائل نچلی سطح پر منتقل کرتے ہوئے میئر، چیئرمینز کو ترقیاتی اور نان ترقیاتی مد میں فنڈز کی تقسیم یکساں بنیادوں پر ممکن بناکر بلدیاتی نظام کو مضبوط بنایا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتون بیلٹ کے دیگر کونسلرز کے ہمراہ جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر دیگر بھی موجود تھے۔ سردار اکبر ترین ، اسرار خان کاکڑ ، سید شکور آغا نے کہا کہ 2018ءسے اب تک پشتون علاقوں میں بلدیاتی نظام فعالیت اور مضبوطی کے لئے انہیں ملنے والے فنڈز اور اختیارات نہیں دیئے گئے اگر بلدیاتی سسٹم کو مضبوط اور فعال بنانا ہے تو اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور وسائل کی فراہمی یکساں طور پر فراہم کرنا ہوں گی تاکہ پسند اور نا پسند کے عنصر کو ختم کرکے بلدیاتی نظام کے تحت یونین کونسلز کی سطح تک فنڈز اور اختیارات منتقل ہونے سے لوگوں کو ان کی دہلیز پر مسائل کا حل ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کی ذمہ داری ہے کہ اپنے صوبوں اور عوام کی بہتری کے لئے قانون سازی اور پالیسیاں ترتیب دیں لیکن مذکورہ نمائندے فنڈز کے لئے اپنے اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں ہونے دیتے کیونکہ بلدیاتی نظام کی فعالیت اور مضبوطی نچلی سطح پر اختیارات اور وسائل کی منتقلی سے ہی بہتر بنائی جاسکتی ہے ۔