قومی ویمن ٹیم کی ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پہلی کامیابی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز ویمن کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں 8 وکٹوں سے ہرا کر 5 میچز کی سیریز میں پہلی جیت حاصل کرلی . پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے مابین چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا جہاں مہمان ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا .

ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ نہ کرسکی مقررہ 20 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 84 رنز ہی بناسکی . ویسٹ انڈیز کی شیمین کیمبل 26 اور زیدا جیمز 19 رنز بناکر نمایاں رہیں . پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور ندا ڈار نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نشرہ سندھو اور رامین شمیم نے ایک، ایک وکٹ لی . قومی ویمن کرکٹ ٹیم نے 85 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں حاصل کرکے مہمان ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی . عائشہ ظفر نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی . گل فیروزہ 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ سدرا امین نے 15 اور منیبہ علی 8 رنز بنائے . یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی تھی . . .

متعلقہ خبریں