مودی کی نقل سے مشہور ہونے والے کامیڈین نے انہی کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا


نئی دہلی(قدرت روزنامہ)مودی کی نقل سے مشہور ہونے والے معروف بھارتی کامیڈین شام رنگیلانے انہی کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ، انہوں نے ریاست اتر پردیش کے شہر وارانسی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ سنایا۔
انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق شیام رنگیلا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا کہ ’میں وارانسی سے الیکشن لڑنے کے اعلان کے بعد آپ کی جانب سے ملنے والے پیار پر بہت پرجوش ہوں۔ میں اپنے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے معلومات اور اپنے خیالات وارانسی پہنچنے کے بعد ویڈیو پیغام کے ذریعے آپ تک پہنچاؤں گا۔‘
اس سے قبل اپنی ایک پوسٹ میں شیام رنگیلا نے کہا تھا کہ ’میں وارانسی سے الیکشن لڑوں گا کیونکہ آج کل کسی کو بھی یقین نہیں ہے کہ کون کب کاغذات نامزدگی واپس لے لے گا۔‘انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’2014 میں میں نریندر مودی کا پیروکار تھا۔ میں نے ان کی حمایت میں متعدد ویڈیوز شیئر کیں جبکہ راہل گاندھی اور اروند کیجروال کے خلاف ویڈیو بھی جاری کیں۔ ان ویڈیوز کو دیکھتے ہوئے کوئی بھی یہ کہہ سکتا ہے کہ میں اگلے 70 برس تک صرف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ہی ووٹ دوں گا تاہم پچھلے 10 برس کے دوران صورت حال کافی تبدیل ہوئی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں لوک سبھا کے انتخابات میں وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ایک آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑوں گا۔‘