الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو بطور سیاسی جماعت ختم کرنے کا عندیہ دے دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بطور جماعت ختم کرنے کا عندیہ دے دیا گیا۔
ای سی پی نے اپنے مراسلے میں پی ٹی آئی کے حالیہ انٹرا پارٹی انتخابات پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پارٹی انتخابات کے بغیر جنرل کونسل، مرکزی مجلس عاملہ کے انتخاب اور اجلاسوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 5 سال سے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن ہی نہیں ہوئے تو مختلف پارٹی تنظیمیں کیسے کام کر رہی ہیں؟ اس معاملے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کو بطور پارٹی ختم کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کیس کی حالیہ سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کو انتخابات میں اعتراضات پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔اس حوالے سے بیرسٹر گوہر کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان میں 175 سیاسی جماعتیں ہیں، کسی سیاسی جماعت نے آئین کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروائے۔ پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخاب الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کروائے تھے۔