مخصوص نشستیں؛ پشاور ہائیکورٹ فیصلے کیخلاف سنی اتحاد کونسل کی اپیل سماعت کیلیے مقرر


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مخصوص نشستوں کے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سنی اتحاد کونسل کی اپیل سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔
سپریم کورٹ کی جانب سے سنی اتحاد کونسل کی سماعت کے لیے مقرر کی گئی مخصوص نشستوں کے معاملے پر اپیل کی سماعت جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 8 مئی کو کرے گا۔
سپریم کورٹ کے بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ بھی شامل ہیں۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کی اپیلوں پر بھی بینچ تشکیل دیدیا ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 8 مئی کو اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
رجسٹرار آفس سپریم کورٹ کی جانب سے سنی اتحاد کونسل اور اسپیکر صوبائی اسمبلی کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینے کا فیصلہ دیا تھا، جس کے خلاف سنی اتحاد کونسل نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ اس کے علاوہ اسپیکر کے پی اسمبلی نے بھی پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔