جامعہ تربت میں آرٹس کرافٹ، کیلیگرافی اور ماحولیاتی تعلیم پر مبنی نمائش کا انعقاد


تربت(قدرت روزنامہ)جامعہ تربت کے شعبہ تعلیم کے زیراہتمام ملٹی پرپز ہال میں آرٹس کرافٹ، کیلیگرافی اور ماحولیاتی تعلیم پرمبنی نمائش کا انعقاد کیاگیا۔جامعہ تربت کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منصور احمد نے نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار گنگزار بلوچ،شعبہ تعلیم کے چیئرپرسن منظور احمد، فیکلٹی ممبران مہناز اسلم، مہناز بشیر، رقیہ میروانی اور یونیورسٹی کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ شعبہ تعلیم کے طلبہ وطالبات نے پینٹنگز، خطاطی کے منفرد انداز، سوئی دھاگہ کے ذریعے بنائے گئے فن پارے اورپیپر کوئلنگ کے علاوہ ثقافتی اقدار پر مبنی پروجیکٹ ماڈلز نمائش کے لئے رکھے تھے، جو تعلیم، مصوری، ماحولیاتی سائنس اورزراعت کے روایتی اور جدید تکنیک کی عکاس تھے۔نمائش پر تبصرہ کرتے ہوئے جامعہ تربت کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر منصور احمد نے پریکٹم کے ذریعے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے پر طالب علموں کی کارکردگی کو سراہا۔ نمائش کے لئے رکھے گئے پروجیکٹس کوپرووائس چانسلر نے موضوع، ڈیزائنز اور پریزنٹیشن کے لحاظ سے انتہائی متاثر کن قراردیا۔ پرووائس چانسلر نے امیدظاہرکی کہ طلبا مستقبل میں تعلیمی اداروں میں بطور استادخدمات سرنجام دیتے وقت اپنی صلاحیتوں کا بہترانداز میں مظاہرہ کرسکیں گے۔ اپنی نوعیت کے منفرد نمائش کے کامیاب انعقادپر انہوں نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے چیئرپرسن اور فیکلٹی ممبران کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ نمائش اس بات کی ثبوت ہے کہ تربت یونیورسٹی طلبا کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے، انوویژن اور انٹرڈسپلنری علوم کو فروغ دینے کے لئے اپنے عزم پرعمل پیراہے-یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات کی کثیرتعدادکے علاوہ اساتذہ کرام، انتظامی عملہ اور دیگر تعلیمی اداروں سے آنے والے طالب علم اور اساتذہ کرام نے سبق آموز پروجیکٹس میں گہری دلچسپی ظاہر کی،اورپروجیکٹس بنانے والوں کی صلاحیتوں کو خوب سراہا۔