لاہور میں فری وائی فائی سروس کے مقامات کو دگنا کردیا گیا


لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب سیف سٹیز نے لاہور میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز فری وائی فائی سروس کو 50 سے بڑھا کر 100 پوائنٹس پر فعال کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیف سٹی ایمرجنسی میں شہریوں کی سہولت کیلئے فری وائی فائی سروس فراہم کر رہی ہے۔ شہری کسی بھی ایمرجنسی میں CM Maryam Nawaz Free Wi-Fi کے ذریعے پولیس اور اپنے پیاروں سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
شہری فری وائی فائی سروس سے ویمن سیفٹی ایپ، پنجاب پولیس ایپ اور واٹس ایپ استعمال کر سکتے ہیں۔ ایمرجنسی میں فری وائی فائی سروس کے ذریعے واٹس ایپ کال یا میسج کے ذریعے اپنے پیاروں سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
شہر بھر میں نصب ہر فری وائی فائی ڈیوائس کی رینج 300 فٹ کے ریڈیس تک ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ سروس صرف ایمرجنسی میں استعمال کیلئے ہے جس کے ذریعے مختلف اپلیکشن کو ڈاون لوڈ بھی کیا جا سکتا ہے اور ٹیکسی رائیڈ بک کرانے کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ترجمان سیف سٹیز نے وضاحت کی کہ فری وائی فائی ایمرجنسی سروس ویڈیو سٹریمنگ یا انٹرٹینمنٹ، فیس بُک، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور ایسی دیگر انٹرٹینمنٹ ایپس کیلئے نہیں ہے۔