شادی میں فائرنگ سے مہمان جاں بحق، دلہا سمیت 4 افراد گرفتار
راولپنڈی (قدرت روزنامہ)راولپنڈی میں تھانہ مندرہ کی حدود میں شادی میں ہوائی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس نے دلہا سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا، مقتول شادی میں بطور مہمان شریک تھا۔
پولیس نے بتایا کہ مندرہ کے علاقے فیروزال میں عزیز کی شادی کی تقریب جاری تھی، دلہے کے دوستوں نے ہوائی فائرنگ کردی، گولی لگنے سے رضوان نامی شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور دلہا عزیز اور اس کے دوستوں شعیب، غضنفر اور اویس کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی آپریشنز کامران اصغر کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد جمع کرلیے ہیں اور قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کردی ہے۔