میں کبھی بھی تنقید سے ناراض نہیں ہوتا، مراد علی شاہ


کراچی (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میں کبھی بھی تنقید سے ناراض نہیں ہوتا، میں تنقید سے سیکھتا ہوں۔کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ ٹرانسپورٹ میں ڈیجیٹائزیشن کا عمل شروع کر دیا ہے، ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ہم نے سست شروعات کی۔
انہوں نے کہا کہ پنک بس سروس کو لوگوں نے بہت سراہا، کراچی میں ماضی میں روز 25 لاشیں گرتی تھیں، بم دھماکے ہوتے تھے، کراچی میں پانی، ڈرین، انفرا اسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے معاملات پر توجہ دی۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ سب سے بہترین کارکردگی دینے والا صوبہ ہے، 2022ء کا سیلاب 2010ء کے سیلاب سے زیادہ خطرناک تھا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 2024ء کے الیکشن میں لوگوں نے ہمیں 117 سیٹیں دی ہیں، ہماری خدمت کی وجہ سے ہمیں اتنی سیٹیں ملیں، لگتا ہے کراچی میں ہماری کوشش کم رہ گئیں، دوبارہ کوشش کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 1970ء میں پیپلز پارٹی کراچی کی سب سے بڑی پارٹی تھی۔