مسلم لیگ ن کی حکومت ختم کرکے ملک کیساتھ ظلم کیاجاتاہے: مریم نواز
لاہور (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم کرکے ملک کے ساتھ ظلم کیاجاتاہے۔پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں ’مفت دوا‘ تقسیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت جب بھی آتی ہے رکاوٹیں کھڑی کردی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے ملک اور پیچھے چلا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانچ سال بعد جب پنجاب چھوڑ کر جائیں گے تو ہر شہر میں صحت کی جدید سہولتیں ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سال 2013سے 2018 کے دوران مریضوں کو گھروں پر ہیپاٹائٹس جیسی دوا فراہم کی جاتی تھی لیکن پچھلے 5 سے 7 سال کے دوران فری دوائی کا منصوبہ ختم کردیا گیا۔ ہم نے فری دوائی کا منصوبہ بحال کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج میں خود چند گھروں میں ادویات لے کرجاؤں گی، جن میں ہیپاٹائٹس، ٹی بی اور دل کے امراض کی ادویات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم مریضوں کو گھر کی دہلیز پر ان ادویات کا دو ماہ کا اسٹاک مفت فراہم کریں گے۔ تینوں امراض کی دوائیں جس طرح اسٹورکی گئیں دیکھ کر خوشی ہوئی۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ نواز شریف اور شہباز شریف کا بنایا ہوا سینٹر ہے، آنے والے دنوں میں 202 موبائل سینٹر شروع کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی حکومت ختم کرکے ملک کے ساتھ ظلم کیا جاتا ہے۔