اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ: پاکستان کی پہلے میچ میں ملائیشیا کو 4-5 سے شکست


اپوہ(قدرت روزنامہ)سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں میزبان ملائیشیا کو 4 کے مقابلے میں 5 گول سے ہرادیا۔
اپوہ میں شروع ہونے والے ایونٹ میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔میچ میں پاکستان نے نویں منٹ میں سفیان خان کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، اسی کوارٹر میں میزبان ملک کے ابو کمال نے خسارہ پورا کردیا۔ دوسرے کوارٹر میں ابو کمال نے ایک اور گول کے ذریعے ٹیم کو برتری دلادی۔
ہاف ٹائم تک ملائیشیا کو 1-2 ایک کی برتری تھی۔ ملائیشیا کا تیسرا گول تیسرے کوارٹر میں ابو کمال نے سکور کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک بھی بنائی۔ ملائیشیا کا چوتھا گول مہران جلیل نے بنایا۔
چوتھے کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور 4 گول سکور کیے، اس دوران سفیان خان نے اپنی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔
ذکریا حیات کے گول کے بعد ابو محمد نے کھیل کے آخری لمحات میں ملنے والے پنالٹی سٹروک کو گول میں تبدیل کرکے پاکستان کو 4-5 سے فاتح بنوادیا۔