پی ٹی آئی سے بامقصد مذاکرات کا ماحول بنتا ہے تو خوش آمدید کہیں گے، مولانا فضل الرحمان


ٹھٹھہ(قدرت روزنامہ)جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے بامقصد مذاکرات کا ماحول بنتا ہے تو خوش آمدید کہیں گے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک حکومت کے خلاف گرینڈ الائنس کی کوئی تجویز سامنے نہیں آئی، ہم 9 مئی کو پشاور میں ملین مارچ کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کا ایک پہلو قانونی جبکہ دوسرا پہلو سیاسی بھی ہے۔ ہماری پی ٹی آئی کے وفود کے ساتھ ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ بامقصد مذاکرات کا کوئی ماحول بنا تو انہیں خوش آمدید کہیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں عوامی نمائندگی دکھائی نہیں دے رہی۔ ہم چاہتے ہیں ملک میں حقیقی نظام قائم ہو۔
واضح رہے کہ جمعیت علما اسلام 8 فروری کے عام انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دے چکی ہے جبکہ پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتوں کو بھی انتخابی نتائج پر تحفظات ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلانے پر اتفاق کیا ہے تاہم جمعیت علمائے اسلام اس کا حصہ نہیں۔ اب پی ٹی آئی کی کوشش ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو بھی اپنے ساتھ شامل کیا جائے۔