سی ایس ایس کے نتائج کا اعلان ، 13 ہزار امیدواروں میں سے 401 کامیاب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) امتحان 2023 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا، کامیاب امیدواروں کی شرح 2.96 فیصد رہی۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کا کہنا ہے کہ 401 امیدوارتحریری امتحان پاس کر سکے، 210 کامیاب امیدواروں کی تعیناتی کی سفارش کی گئی ، کامیاب امیدواروں میں 126 مرد اور 84 خواتین شامل ہیں۔
ایف پی ایس سی کے مطابق تحریری امتحان میں کل 13008 امیدواروں نے حصہ لیا تھا، عادل ریاض پہلی، شہیر بانو دوسری، عکاشہ ابرار رانا نے تیسری پوزیشن حاصل کی، کامیاب امیدوار گریڈ 17 سے ملازمت کا آغاز کریں گے۔
ٹاپ کرنے والے پہلے 8 امیدواروں کا تعلق پنجاب سے ہے ۔ میرٹ لسٹ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے امیدوار نویں پوزیشن، آزاد کشمیر کے امیدوار 19 ویں پوزیشن حاصل کر سکے۔
خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے امیدوار پچیسویں ،سندھ رورل سے امیدوار 66 ویں اور سندھ اربن سے 116 ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ ایکس فاٹا سے امیدوار 80 ویں اور گلگت بلتستان سے امیدوار 130 ویں پوزیشن حاصل کر سکے۔