پاکستان کو بیرونی اسپانسرڈ دہشتگردی کا سامنا ہے، وزیر خارجہ
گیمبیا (قدرت روزنامہ)گیمبیا میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سربراہ اجلاس سے خطاب میں وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارتی رہنماؤں کے پاکستان مخالف بیانات سے علاقائی استحکام کو خطرہ ہے، پاکستان کو بیرونی اسپانسرڈ دہشتگردی کا سامنا ہے۔
وزیرخارجہ نے اپنے خطاب میں غزہ میں جاری اسرائیل کے وحشیانہ حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی ممالک غزہ میں جنگ بندی پر مل کر کام کریں۔
انھوں نے خود مختار فلسطینی ریاست، اقوام متحدہ میں اس کی مکمل رکنیت کیلئے حمایت کا اعادہ کیا۔اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، او آئی سی جموں و کشمیر سے متعلق ایکشن پلان پرعملدرآمد کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا اور مسلمانوں کےخلاف امتیازی سلوک کی مذمت کرتے ہیں، او آئی سی کی جانب سے اسلامو فوبیا پر خصوصی ایلچی کی تقرری قابل ستائش ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی عالمی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔