18ویں آئینی ترمیم تمام قومیتوں کیلئے زندگی کی بنیاد ہے، ایمل ولی


پشاور(قدرت روزنامہ)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے نو منتخب صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم پختو نخوں اور تمام چھوٹی قومیتوں کےلیے زندگی کی بنیاد ہے۔
پشاور میں اے این پی کی مرکزی کونسل سے خطاب میں ایمل ولی خان نے کہا کہ پختونوں کو غلامی کے جس نہج پر پہنچایا گیا ہے وہ سب کو معلوم ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام ادارے آئینی دائرہ اختیار میں رہ کر کام کریں گے تو پاکستان آگے بڑھے گا۔
اے این پی کے نومنتخب صدر نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ان لوگوں کے لیے آئین ایک کاغذ کا ٹکڑا ہے، رہبر تحریک اسفند یار ولی کے قوم کے لیے کارنامے سب کے سامنے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 18ویں آئینی ترمیم پختونوں اور تمام چھوٹی قومیتوں کےلیے زندگی کی بنیاد ہے، جو آج خطرات سے دوچار ہے، اس پر حملے ہو رہے ہیں۔