عمران خان کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر اظہارِ اطمینان، شعیب شاہین کی تلخ کلامی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ امید ہے چھینی گئی 78 سیٹیں واپس کی جائیں گی۔اڈیالیہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی کو امریکی سفیر سے ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا گیا، جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے سے خوش ہیں۔ چئیرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ عمران خان نے انوار الحق کاکڑ کے بیان کا بھی ذکر کیا، اس سے پہلے بھی کمشنر نے دھاندلی کا ذکر کیا تھا، یہ ہمارے مؤقف کی تائید ہے۔
بابر اعوان
پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پورے پنجاب میں پولیس راج ہے، ٹک ٹاکر وزیرِاعلیٰ اور ٹک ٹاکر آئی جی پنجاب کے نیچے پوری ٹیم ہے۔
بابر اعوان نے کہا کہ ہمارے راستے کھل چکے ہیں، راستے بند کرنے والوں نے ہمارے راستے کھول دیئے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑے صوبے کا کوئی پرساں حال نہیں ہے۔
شیر افضل مروت
پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ راستوں کی بندش پر پارلیمان کی کوئی طاقت نہیں چل رہی۔
شعیب شاہین کی تلخ کلامی
پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین اڈیالہ جیل پہنچے تو گاڑی روکنے پر شعیب شاہین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
شعیب شاہین نے گاڑی روکنے والے پولیس اہلکاروں کی فوٹیجزبنا لیں۔ انہوں نے کہا کہ باقیوں کو اجازت ہے لیکن ملاقات والی گاڑیوں کو روک لیا جاتا ہے۔
جبکہ پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ گاڑی آگے جانے کی اجازت نہیں، ملاقات کرنے والوں کے لیے الگ پارکنگ ہے۔
عمران خان کی فیملی سے ملاقات
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے بشریٰ بی بی اور بہنوں سے بھی ملاقات کی۔
شہری زخمی
اڈیالہ جیل کے باہر سیکورٹی کے لیے لگائی گئی حفاظتی باڑ سے شہری بھی زخمی ہوا۔ پولیس اہلکاروں نے حفاظتی باڑ سیکورٹی خدشات کے باعث لگائی ہے جس سے موٹر سائیکل سوار تیز رفتاری کے باعث جا ٹکرایا۔
زخمی ہونے والے موٹر سائیکل سوار شہری کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔