چیئرمین پی سی بی کا کوئٹہ کے نواب اکبر بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) محسن نقوی نے کوئٹہ کے نواب اکبر بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کا اعلان کردیا اور متعلقہ حکام کو اسٹیڈیم کی حالت بہتر بنانے کی ہدایت کر دی۔
چیئر مین پی سی بی محسن نقوی نے کوئٹہ میں بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم کادورہ کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور سینیٹر انوارالحق کاکڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
محسن نقوی نے اسٹیڈیم کے مختلف حصے دیکھے اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگیں گی اور میچ بھی ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے 3 ماہ میں ا سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور کوئٹہ کے عوام کے لیے کرکٹ کے ٹورنامنٹس کرائے جائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کوئٹہ اور کرکٹ گراؤنڈ کا دورہ کرنے پر مشکور ہیں، انہوں نے بلوچستان میں کرکٹ کی ترقی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔