عارف علوی انسداد دہشتگردی عدالت پہنچ گئے، شاہ محمود، یاسمین راشد سے ملاقات


لاہور(قدرت روزنامہ) سابق صدر عارف علوی نے انسداد دہشت گردی عدالت میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد و دیگر سے ملاقات کی ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی پولیس کی سخت سکیورٹی میں انسداد دہشت گردی عدالت پہنچے، جہاں انہوں نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے موقع پر عارف علوی نے کہا کہ آپ سب لوگ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان پاکستان کے سب سے پاپولر لیڈر ہیں، آپ سب لوگ دہشت گردی کے کیسز کا سامنا کررہے ہیں، آپ فکر نہ کریں، لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔
یاسمین راشد نے کہا کہ باہر میرا پیغام دے دیں کہ میں جیل میں خوش ہوں جتنی زیادتیاں کرنی ہیں کرلیں۔ مجھے جیل میں بلیوں اور چھپکلیوں سے مقابلہ کرنا پڑتا ہے، آدھا دن مقابلے میں جب کہ آدھا دن کتابیں پڑھنے میں گزرتا ہے۔
سابق صدر عارف علوی نے کہا کہ ہمیں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بار بار جمہوریت پر عملدرآمد ہی کی تاکید کی ہے۔