لیسکو کی خصوصی مہم ، ہزاروں کی تعداد میں بجلی چور پکڑ ے گئے، کتنے کروڑ یونٹس چارج کیے گئے ؟جان کر آپ حیران رہ جائیں


لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو ) کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری، اب تک کی کاروائیوں میں 30 ہزار489 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم جاری ہے، مہم کو 229 روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 77 ہزار821 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 72 ہزار 913 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر 30 ہزار489 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 9 کروڑ 25 لاکھ 60 ہزار59 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3ارب 42 کروڑ 40 لاکھ 96 ہزار1 سو 78 روپے ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 27 ملزمان کو بجلی چوری کرتے ہوئے گرفتار کرلیا، مجموعی طور پر368 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے 133 کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 11 کمرشل،5 زرعی اور 352 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 2 لاکھ 18 ہزار3 سو 56 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 56 لاکھ 89 ہزار2 سو81 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔