9 مئی کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے، صدر مملکت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں 9 مئی یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائےگا، ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔
ڈان نیوز کے مطابق صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ 9 مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا، سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔
آصف زرداری نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا پرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے، حملے ریاستی رٹ، قانون کی حکمرانی اور اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش تھے، 9 مئی کو تشدد کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔
دوسری جانب وزیراعظم نےکہا کہ 9 مئی کو ایک سال گزر گیا لیکن قوم ملک کے مجرموں کو نہیں بھولی، قوم سے وعدہ ہے کہ 9 مئی جیسا واقعہ پھربھی نہیں ہوگا، ہمیں آگے بڑھنا ہے اورترقی کی منازل طے کرنی ہیں۔
یاد رہے کہ آج وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، وفاقی کابینہ 9 مئی کو یومِ سیاہ اور یوم یکجہتی شہداء کے طور پر منائے گی، سندھ، پنجاب اور بلوچستان اسمبلیوں کے اجلاس بھی آج طلب کیے گئے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں سانحہ 9 مئی کی مذمتی قرارداد لائی جائے گی اور حکومت کی جانب سے آرڈیننس بھی پیش کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پُرتشدد فسادات کے نتیجے میں نمایاں بے امنی دیکھی گئی تھی۔
9 مئی کو مشتعل افراد کی جانب سے ملک بھر میں مختلف مقامات پر عسکری تنصیبوں پر حملے، جلاؤ گھیراؤ اور مظاہرے کیے گئے تھے، اس دوران سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔