9 مئی ممکنہ احتجاج؛ پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر پولیس کے چھاپے
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)پولیس نے آج 9 مئی کو ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔
پی ٹی آئی رہنما میاں عمران حیات کے گھر پر راولپنڈی پولیس نے چھاپا مارا، تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے، جس کے بعد پولیس واپس روانہ ہو گئی۔
دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما نعیم حیدر پنجوتھا کے گھر پر پولیس نے چھاپا مارا ، تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ دوسری جانب نعیم پنجوتھا نے اپنے بیان میں چھاپے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی پولیس اور ان کے ساتھ سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے میرے گھر پر ریڈ کیا ہے۔ وہاں موجود فیصل اور علی عباس کے ساتھ بد تمیزی کی، انہیں تھپڑ مارے اور پوچھتے رہے کہ نعیم حیدر پنجوتھا کدھر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اسلام آباد موجود ہوں، میرا نمبر بھی آن ہے آجائیں ویلکم گرفتار کر لیں مجھے۔ آپ کی بھول ہے کہ ان اوچھے ہتھکنڈوں سے آپ ہمیں ڈرا لیں گے۔ ہمارا قصور ہے کہ ہم ملک کے اندر قانون کی بالادستی کے لیے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کی جھنگی سیداں والی رہائشگاہ پر پولیس نے چھاپا مارا، تاہم عامر مغل وہاں موجود نہیں تھے۔