ایبسلوٹلی ناٹ کہنے والے اب امریکی سفیر سے مل رہے ہیں، وفاقی وزرا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزرا خواجہ آصف اور عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ایبسلوٹلی ناٹ کہنے والے اب امریکی سفیر سے مل رہے ہیں، نو مئی کے تمام کرداروں کو سب جانتے ہیں، پی ٹی آئی میں آج ہو ہر کوئی اپنے اپنے گھر میں چیئرمین بنا بیٹھا ہے۔
یہ بات وزرا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، 9 مئی کے واقعہ کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے، نو مئی کے واقعہ پر احتساب ہونا چاہیے اور قوم کو حقائق سے آگاہی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شہدا نے اس ملک کے دفاع کے لیے جانوں کی قربانیاں دیں، دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان اور سول ادارے جنگ لڑ رہے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو بحرانوں کا شکار کیا، تحریک انصاف نے آرمی چیف کی تقرری کو متنازع بنانے کی کوشش کی، آرمی چیف کی تقرری صرف وزیراعظم کا استحقاق ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ نو مئی کو باقاعدہ منصوبے کے تحت ادارے کی تکریم اور تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کی گئی، تحریک انصاف کے لوگ 9 مئی کے واقعات میں ملوث تھے، نو مئی کی سازش کے تانے بانے 2014ء سے شروع ہوئے تھے، یادگار شہداء کو نذر آتش کرنا افسوس ناک ہے، بھارت نے بھی کیپٹن شیر خان شہید کی تکریم کی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ نو مئی 25 کروڑ عوام کی انا اور شہداء کے احترام کا مسئلہ ہے، نو مئی جنگوں میں قربانیاں دینے والوں کی انا کا مسئلہ ہے، ایبسلوٹلی ناٹ کہنے والے اب امریکی سفیر سے مل رہے ہیں، نو مئی کے تمام کرداروں کو سب جانتے ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں آج ہر کوئی اپنے اپنے گھر میں چیئرمین بنا بیٹھا ہے۔
عمران خان کی تینوں بہنیں 9 مئی میں ملوث ہیں انکے خلاف مقدمہ درج کیوں نہیں ہوا؟ وزیر اطلاعات
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ عدلیہ سے گزارش کی ہے کہ 9 مئی کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائیں، کیا امر مانع ہے کہ عدالتیں ان کیسز کو منطقی انجام تک نہیں پہنچا رہیں، 9 مئی کے کیسز میں شواہد موجود ہیں، بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں ان کے خلاف کسی نے مقدمہ درج کیوں نہیں کیا؟