فلائی جناح کا اسلام آباد اور مسقط کے درمیان نئے انٹرنیشنل روٹ کا آغاز


کراچی(قدرت روزنامہ) فلائی جناح کا اسلام آباد اورمسقط(عمان) کے درمیان نئے بین الاقوامی روٹ کا آغاز کل جمعہ سے ہوگا۔ پاکستان کی سستی ترین ائرلائن فلائی جناح کے نئے انٹرنیشنل روٹ پر پہلی پروازکی روانگی سے قبل اسلام آباد ائرپورٹ کے لاونج میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں سول ایوی ایشن اتھارٹی، ائرپورٹ سکیورٹی سمیت دیگراداروں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ اس سلسلے میں مسقط ائرپورٹ پرپہلی پرواز کو واٹر سلیوٹ دیا جائے گا۔
فلائی جناح کی اسلام آباد اور مسقط کے درمیان پہلی نان اسٹاپ پرواز سے قبل منعقدہ تقریب میں کیک بھی کاٹا جائے گا۔ اس نئےروٹ پرابتدائی طور پر جمعہ اوراتوارکے روز ہفتہ وار 2پروازیں چلائی جائیں گی۔
فلائی جناح کے تیسرے بین الاقوامی روٹ کے آغاز کے حوالے سے ترجمان کا کہنا ہے کہ فلائی جناح کواسلام آباد اور لاہور سے شارجہ کے لیے بین الاقوامی پروازوں کے کامیاب آغاز کے بعد اسلام آباد سےعمان کےدارالحکومت مسقط تک اپنے تیسرے بین الاقوامی روٹ متعارف کرانے اورایک نیا سنگ میل عبورکرنے پرانتہائی فخرہے۔
ترجمان کے مطابق اپنے بین الاقوامی روٹ میں یہ توسیع ملکی اوربین الاقوامی سطح پر اپنے مسافروں کو سستے فضائی سفرکی سہولت فراہم کرنے کے فلائی جناح کے عزم کےعین مطابق ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلائی جناح اپنےمسافروں کو سستے فضائی سفرکی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے ثابت قدم ہے۔ فلائی جناح اس وقت اپنے 5 جدید ائربس ساختہ طیاروں A320طیاروں پرمشتمل بیڑے کے ساتھ پاکستان کے 5 بڑے شہروں کراچی،لاہور،اسلام آباد،پشاوراورکوئٹہ میں خدمات سر انجام دے رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ نیا روٹ فلائی جناح کے شارجہ، عرب امارات پر مشتمل بین الاقوامی روٹس کی فہرست میں اضافہ کرے گا۔ مسافرفلائی جناح کی ویب سائٹ www.flyjinnah.com، کال سینٹر 111000035 یا ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے پروازوں میں بکنگ کروا سکتے ہیں۔