میٹ گالا 2024، عالیہ بھٹ نے شرکت کیلئے کتنے ڈالرز ادا کیے؟
نیویارک(قدرت روزنامہ) دُنیا کے سب سے بڑے فیشن ایونٹ میٹ گالا 2024 کا میلہ سج گیا ہے جس میں بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ نے بھی شرکت کی۔ نیویارک کے میوزیم آف آرٹ میں منعقد ہونے والے اس فیشن ایونٹ میں ہر سال ایک خاص تھیم رکھی جاتی ہے اور اس ایونٹ میں شرکت کرنے والی دُنیا کی نامور شخصیات اُسی تھیم کی مناسبت سے منفرد ملبوسات زیب تن کرکے میٹ گالا کے ریڈ کارپٹ پر اپنے جلوے بکھیرتی ہیں۔
میٹ گالا 2024 کے لیے ’گارڈن آف ٹائم‘ تھیم رکھی گئی تھی، اس ایونٹ میں بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے بھی شرکت کی جن کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے بھی ہورہے ہیں۔عالیہ بھٹ نے بھارت کے معروف فیشن ڈیزائنر سبیاساچی کی تیار کردہ حسین ساڑھی زیب تن کی جوکہ 163 ماہر کاریگروں نے ملکر تیار کی جبکہ اس دلکش ساڑھی کی تیاری میں تقریباََ 1965 گھنٹے لگے۔
سبیاساچی کی تیار کردہ ساڑھی میں ملبوس عالیہ بھٹ بےحد خوبصورت لگ رہی تھیں جبکہ سوشل میڈیا پر تو یہ کہا جارہا ہے کہ عالیہ بھٹ میٹ گالا 2024 کی بازی لے گئیں۔
اسی کے ساتھ، ایک نئی بحث بھی چِھڑ گئی ہے کہ عالیہ بھٹ نے میٹ گالا 2024 میں شرکت کے لیے کتنی رقم ادا کی کیونکہ میٹ گالا میں ریڈ کارپٹ پر واک کرنے کے لیے سلیبریٹیز کو بھاری رقم ادا کرنی پڑتی ہے۔
مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹ گالا 2024 کے ایک ٹکٹ کی قیمت تقریباً 75 ہزار ڈالر ہے جوکہ بھارتی تقریباً 63 لاکھ روپے بنتی ہے، اس کے علاوہ پوری ٹیبل کی قیمت 3 لاکھ 50 ہزار ڈالرز سے شروع ہوتی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 75 ہزار ڈالر کے ایک ٹکٹ میں نہ صرف میٹ گالا کا دعوت نامہ شامل ہوتا ہے بلکہ اس ایک ٹکٹ میں نامور فنکاروں کی پرفارمنس بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ یہ ایک چیریٹی ایونٹ ہوتا ہے، اس فیشن ایونٹ سے حاصل کردہ رقم میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ کے کاسٹیوم انسٹی ٹیوٹ کے فنڈز میں استعمال کی جاتی ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ سوال کیا جارہا ہے کہ کیا عالیہ بھٹ نے بھی میٹ گالا کی ریڈ کارپٹ پر واک کرنے کے لیے 75 ہزار ڈالر کی رقم ادا کی۔
View this post on Instagram