تحریک انصاف کی قیادت کو ہٹ دھرمی اور ضد چھوڑنی چاہیے، حافظ طاہر محمود اشرفی
لاہور (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت کو بھی ہٹ دھرمی اور ضد چھوڑنی چاہیے۔ایک بیان میں طاہر اشرفی نے کہا کہ جب غلطیاں کی جاتی ہیں تو معذرت کی جاتی ہے، غلطی پر معافی مانگنا بڑے پن کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ریاست، وطن، قوم اور فوج کے ساتھ ہیں، قوم کے لیے ایک ہو جائیں، قوم کے لیے بیٹھیں، جس نے غلطی کی ہے اس کا اعتراف کرنا جرم نہیں۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ ان واقعات میں جو ملوث ہے، اسے پریس کانفرنس کی وجہ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، جب سیاسی استحکام آئے گا تو دوست ممالک مدد کریں گے، عدلیہ اپنی ذہنی اور قلبی محبت کو ایک طرف رکھے اور انصاف مہیا کرے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ گوادر میں مزدوروں کو شہید کیا گیا ہے، ہمیں آپس کی نفرتوں کو ختم کرنا ہو گا اور آگے بڑھنا ہو گا۔