پستہ قد تاجکستانی گلوکار عبدو روزک کو دلہن مل گئی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی ریئلیٹی شو بگ باس سے شہرت حاصل کرنے والے پستہ قد تاجکستانی گلوکار عبدو روزک نے اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
20 سالہ سوشل میڈیا اسٹار اور تاجکستانی گلوکار عبدو روزک نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ پینٹ سوٹ میں ملبوس ہاتھ میں ہیرے کی قیمتی انگوٹھی لیے بیٹھے ہیں۔
عبدو روزک نے اپنے مداحوں کو دل کی شکل والی ہیرے کی قیمتی انگوٹھی دکھاتے ہوئے اپنی شادی کا تہلکہ خیز انکشاف کیا۔
گلوکار نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں اتنا خوش قسمت ہوں گا کہ مجھے ایک ایسا پیار ملے گا جو میری عزت کرے اور میری زندگی میں آنے والی رکاوٹوں کا بوجھ نہ بنے۔
اُنہوں نے اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ رواں سال 7 جولائی کو شادی کرنے والے ہیں لہٰذا سب اس تاریخ کو یاد رکھیں۔
عبدو روزک نے مزید کہا کہ میں لفظوں میں بیان نہیں کر سکتا کہ میں کتنا زیادہ خوش ہوں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 20 سالہ عبدو روزک شارجہ کی 19 سالہ لڑکی سے شادی کررہے ہیں، ان کی شادی کی تقریب متحدہ عرب امارات میں ہی منعقد ہوگی لیکن ابھی تک شادی کے مقام کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
وسری جانب عبدو روزک نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ محبت زندگی کی سب سے قیمتی چیز ہے، میں اپنی زندگی کے نئے سفر کے آغاز کا انتظار نہیں کر سکتا۔
واضح رہے کہ تاجکستان سے تعلق رکھنے والے عبدو روزک ایک مقبول سوشل میڈیا سنسنیشن اور گلوکار ہیں، وہ بھارتی ریئلیٹی شو بگ باس کے سیزن 16 کا حصہ بھی تھے۔