دبئی سے آنیوالے 2 مسافروں سے کروڑوں مالیت کے موبائل فونز برآمد


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)دبئی سے پاکستان آنے والے 2 مسافروں سے کروڑوں روپے مالیت کے موبائل فونز برآمد کرلیے گئے۔
ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ائرپورٹ پر کارروائی کی، جس میں بیرون ملک سے پاکستان آنے والے 2 مسافروں کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کے موبائل فونز برآمد کرلیے گئے ہیں۔
ملزمان بابر ایوب اور محمد سلمان فلائٹ نمبر پی کے 234 کے ذریعے دبئی سے پاکستان پہنچے تھے، جنہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ٹریول ہسٹری کے مطابق ملزمان نے گزشتہ کچھ ہفتوں کے دوران متعدد بار بیرون ملک سفر کیا، جس پر شک کی بنیاد پر سامان کی تلاشی لی گئی۔
ملزمان کے سامان سے 50 آئی فون 15 پرو میکس، 16 آئی فون 15 پرو، 100 ڈیٹا کیبلز اور 3 ایپل میک بک بھی برآمد کی گئی ہیں۔ ملزمان برآمد ہونے والی اشیا کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکے۔ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔