فلم دبنگ کے لیے سلمان خان مونچھیں لگانے کے لیے تیار کیوں نہیں تھے؟
ممبئی(قدرت روزنامہ)ایکشن کامیڈی فلم ’دبنگ‘ سلمان خان کے کیریئر کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک ہے، جس کی پروڈکشن ان کے بھائی ارباز خان نے کی، اس فلم میں سلمان خان نے چل بل پانڈے کا کردار ادا کیا جو بہت مشہور ہوا۔ لیکن ارباز خان کہتے ہیں کہ اس کردار کو نبھانے کے لیے سلمان کو منانا انتہائی مشکل عمل تھا۔
ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے ارباز خان نے کہا کہ سلمان خان پہلے تو چل بل پانڈے کا کردار نبھانے کے لیے رازی ہی نہیں تھے، پھر جب راضی ہوئے تو مونچھیں لگانے سے انکار کردیا۔ ان کو جب کہتے کہ آپ نے مونچھیں لگانی ہیں تو وہ صاف انکار کردیتے تھے۔
’جب شوٹنگ شروع ہوئی تو ان کو محسوس ہوا کہ کچھ الگ نہیں لگ رہا ہوں تو انہوں نے خود ہی کہا کہ مونچھیں کدھر ہیں، ہم خوشی سے دوڑے اور 3 قسم کی مونچھیں سامنے رکھ دیں، پھر انہوں نے ایک اٹھائی اور چل بل پانڈے بن گئے‘۔
انہوں نے کہا کہ سلمان خان نے خود سے اس فلم میں بہت ساری چیزیں کیں، جن کو بعد میں لوگوں نے بہت پسند بھی کیا، ایک تو وہ ڈائیلاگ ’کمال کرتے ہو پانڈے جی‘ جو زبان زد عام ہوا اور دوسرا جو گانا تھا ’منی بدنام ہوئی‘ اس میں انٹری گانے کے آخر میں تھی لیکن انہوں نے کہا کہ میری انٹری گانے کے درمیان ہی ڈال دو، جس کو شائقین نے خوب پسند کیا تھا۔
ارباز خان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی فلم یا پراجیکٹ کسی ایک بندے کا کریڈٹ نہیں ہوتا، سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہوتا ہے اسی طرح دبنگ میں بھی سب نے مل کر ایک کوشش کی جو کامیاب ہوئی اور آج تک لوگ یاد کرتے ہیں۔