آئرلینڈ کیخلاف پہلے ٹی 20 میچ کے دوران بابر اعظم کا نیا عالمی ریکارڈ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور ساتھ ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بھارت کے ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
بابر اعظم نے ٹی 20 میں بطور کپتان سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا ریکارڈ توڑ دیا، انہوں نے 77 ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی قیادت کی۔
انہوں نے آسٹریلین کرکٹر ایرون فنچ کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے 76 ٹی 20 میچز میں آسٹریلیا کی کپتانی کی تھی۔
بطور کپتان سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے کرکٹرز
بابر اعظم: 77
ایرون فنچ: 76
ایم ایس دھونی: 72
ایون مورگن: 72
کین ولیمسن: 71
بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا
اس کے علاوہ کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بھارت کے ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ 50 پلس اسکور میں ویرات کوہلی کے برابر آگئے، پاکستانی کپتان نے آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ففٹی اسکور کی تھی۔
10 مئی کو ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں بابر اعظم نے 57 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سرانجام دیا۔
ویرات کوہلی نے109 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اننگز میں 38 ففٹی پلس اسکور کیے جبکہ بابر اعظم نے 108ویں اننگ میں 38واں ففٹی پلس اسکور کیا۔
ویرات کوہلی نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز میں صرف ایک ففٹی کو سنچری میں تبدیل کیا جبکہ بابر اعظم یہ کارنامہ تین مرتبہ انجام دے چکے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ففٹی پلس اسکور کی سنچری بھی مکمل کرلی ہے، وہ ٹی ٹونٹی میں 100 ففٹی پلس اسکور کرنے والے دنیا کے چوتھے کھلاڑی ہیں۔
ان سے قبل سابق آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر اور جنوبی افریقہ کے جارح مزاج کرکٹر کرس گیل نے 110، 110 مرتبہ ففٹی پلس اسکور کیا جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی نے 105 مرتبہ مجموعی 50 پلس اسکور کیا۔
یاد رہے کہ آئرلینڈ نے 3 میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔