بیوی کی بے لوث محبت شوہر کو 10 سال بعد کوما سے باہر لے آئی


بیجنگ(قدرت روزنامہ)بیوی کی بے لوث محبت اور دیکھ بھال شوہر کو 10 برس بعد کوما سے باہر لے آئی۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق چین کے صوبہ انہوئی سے تعلق رکھنے والی خاتون ہونگشیا کے شوہر 2014 میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد کوما میں چلے گئے تھے جو اب ہوش میں تو آگئے ہیں لیکن ابھی اسپتال میں ہی زیرِ علاج اور بستر پر ہیں۔
انہوں نے شوہر سے علیحدگی اختیار کرنے کے مشوروں کو رد کرتے ہوئے ناصرف اپنے بیمار شوہر کا خیال رکھا بلکہ اپنے دو بچوں کی بھی تنہا پرورش کی۔
طویل عرصے تک کوما کی وجہ سے ان کے شوہر میں کئی جسمانی مسائل بھی پیدا ہوئے جس میں سانس لینے میں مدد کے لیے ٹریچیوسٹومی اور پیشاب کیتھیٹر کی ضرورت تھی۔
خاتون کا کہنا تھا کہ مجھے ہمیشہ یقین تھا کہ میرے شوہر کوما سے نکل آئیں گے، نرمی اور محبت سے بھرپور برسوں کی دیکھ بھال نے انہیں صحت یاب ہونے میں مدد کی۔
ہونگشیا نے کہا کہ میرے دونوں بچوں نے مجھے مضبوط رہنے اور امید نہ ہارنے کی ترغیب دی۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی پوری توجہ، وقت اور توانائی شوہر کا خیال رکھنے پر صرف کرتی تھی اگرچہ اس میں بہت زیادہ محنت تھی لیکن میری لگن میں کبھی کمی نہیں آئی۔
اُس شخص کے 84 سالہ والد اور ہونگشیا کے سُسر نے کہا کہ یہ میری بہو ہے لیکن بیٹی سے بڑھ کر ہے، کوئی بھی اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے ہونگشیا کی کہانی پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ”سچی محبت یہی ہے”، جبکہ دوسرے صارف نے تبصرہ کیا کہ ’’اس نے فرشتہ صفت خاتون سے شادی کی‘‘۔