حیدر آباد؛ ریلوے ٹریک پر علی الصبح زوردار دھماکا


حیدر آباد(قدرت روزنامہ) ریلوے ٹریک پر علی الصبح زور دار دھماکا ہوا، جس کی آواز دُور دُور تک سنائی دی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد پونے سات فلائی اوور کے نزدیک ریلوے ٹریک پر زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ آواز دُور دُور تک سنی گئی۔
سی ٹی ڈی حکام نے ابتدائی طور پر بتایا کہ دھماکا ڈاؤن ٹریک کے قریب ہوا، جس کی اطلاع بی ڈی ایس کو دی گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں ریلوے ڈاؤن ٹریک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، تاہم ٹرینوں کی آمد و رفت رکوا دی گئی ہے۔
دھماکے کے بعد علاقے کو کلیئر کرنے کے بعد ہی ٹرینوں کی آمدورفت دوبارہ بحال کروائی جائے گی۔ دھماکے کے نتیجے میں ریلوے ڈاؤن ٹریک کے قریب گڑھا پڑ گیا۔
بعد ازاں بی ڈی ایس کا عملہ موقع پر پہنچا اور حساس آلات کی مدد سے جائے وقوع کی تلاشی لی۔ ڈسٹرکٹ پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں دھماکا کریکر کا ہونے کا پتا چلا ہے۔ دھماکے سے پٹڑی یا ریلوے ٹریک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
بی ڈی ایس حکام کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک کے نزدیک دھماکا دیسی ساختہ بم کا تھا۔ جس میں بارودی مواد کی مقدار کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔دھماکے کی جگہ سے بارودی مواد، ستلی، ٹیپ کے ٹکڑے بھی برآمد ہوئے ہیں۔