‘اوپن اے آئی’ اب گوگل کو ٹکر دینے کے لیے تیار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)‘چیٹ جی پی ٹی’ بنانے والی امریکی کمپنی ‘اوپن اے آئی’ نے اب اپنا مصنوعی ذہانت سے چلنے والا سرچ انجن متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اوپن اے آئی کمپنی مائیکروسافٹ کے ساتھ مل کر گوگل کی ٹکر کا سرچ انجن بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اوپن اے آئی کمپنی اب چیٹ جی پی ٹی میں ‘سرچ فیچر’ کا اضافہ کررہی ہے، صارفین کے سوالات کے جواب میں یہ سرچ فیچر آن لائن خبریں، بلاگز، وکی پیڈیا، حالات حاضرہ اور تاریخی حوالوں سمیت وہ تمام معلومات فراہم کرے گا جو گوگل کا سرچ انجن کرتا ہے۔
صارفین کے جوابات کے ساتھ ساتھ چیٹ جی پی ٹی تصاویر بھی فراہم کرے گا، یہ آپشن اب بھی چیٹ جی پی ٹی کے اپ گریڈڈ ورژنز میں موجود ہے، تاہم یہ ماہانہ چارجز کی ادائیگی کے بعد ہی صارفین کو دستیاب ہوسکتا ہے۔
اوپن اے آئی نے تاحال اِس نئے فیچر کی لانچنگ کی تاریخ کا حتمی اعلان نہیں کیا ہے، تاہم اس کی لانچنگ رواں برس ہی متوقع ہے۔
تازہ ترین معلومات کے ساتھ ساتھ اِس ایپلی کیشن کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے اوپن اے آئی نے ‘چیٹ جی پی ٹی پلگ اِنز’ متعارف کروائے تھے، تاہم انہیں اپریل میں بند کر دیا گیا تھا۔