اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کے باوجود کھلاڑی ڈیلی الاؤنس سے تاحال محروم
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کے باوجود قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں ڈیلی الاؤنس سے محروم ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ہر میچ کے بعد ڈیلی الاؤنس دینے کی تسلی دی جاتی رہی لیکن رقم ادانہ کی گئی، فائنل میچ سے پہلے ڈیلی الاؤنس کی ادائیگی کاوعدہ کیا گیا لیکن تاحال کھلاڑیوں کو کچھ نہیں ملا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کو شاپنگ کے لیے بھی پیسے نہیں دیے گئے، ایشین گیمز، ایشین جونئیر ہاکی کپ اور ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے ڈیلی الاؤنس بھی تاحال ادا نہیں کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹی شوٹ آؤٹ پر پاکستان کو 1-4 گول سے شکست دے دی تھی۔
بعد ازاں وزیر اعظم شہباز شریف نے اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی پر قومی ہاکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کھلاڑیوں کے لیے نقد انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن قومی ہاکی ٹیم نے عمدہ کھیل سے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کھیلوں بالخصوص قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔