ریاستِ مدینہ کی بات کرنیوالوں کو معلوم ہو پہلا اصول معافی مانگنا ہے: کامران ٹیسوری


کراچی (قدرت روزنامہ)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ مدینہ کی ریاست کی بات کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے پہلا اصول معافی مانگنا ہے۔کراچی ایئر پورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری پاکستان میں آئے گی تو ملک میں خوش حالی آئے گی، تمام ممالک پاکستان میں انویسٹمنٹ کے منتظر ہیں۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ یہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قائدانہ صلاحیت ہی ہے، جس کا سہرا آرمی چیف کو بھی دینا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بزرگوں کو اب امیگریشن کاؤنٹر پر نہیں جانا پڑے گا، سعودی حکومت نے دیرینہ تعلقات پر پورے پاکستان کو یہ سہولت دی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی ایئر پورٹ پر عازمینِ حج کی سعودی عرب کی امیگریشن پر مبنی روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔
منعقدہ افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور چیئرمین سعودی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن لیفٹیننٹ جنرل سلیمان بن عبدالعزیز اور پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نے منصوبے کا افتتاح کیا۔