آئرلینڈ سے شکست کو کوئی بھی قبول نہیں کر رہا، چئیرمین پی سی بی


ڈبلن(قدرت روزنامہ) چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئرلینڈ سے پہلے میچ میں شکست کو کوئی بھی قبول نہیں کر رہا۔محسن نقوی نے ڈبلن میں قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ دو گھنٹے طویل ملاقات میں آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو محنت، جذبے اور پروفیشنل اپروچ کے ساتھ کھیلنے کی تلقین کی اور کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ یکسر مختلف اور جارحانہ اپروچ کی حامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے جدید و نئے انداز کے مطابق کھیل کر ہی جیت ممکن ہو گی۔ کمرے میں بیٹھ کر حکمت عملی ترتیب دی جا سکتی ہے لیکن اصل امتحان میدان میں ہوتا ہے۔ جہاں پرفارمنس نظر آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ تمام کھلاڑی باصلاحیت ۔ پروفیشنل اور بہترین ہیں اورقومی ٹیم کا باؤلنگ اٹیک شاندار ہے تاہم فیلڈنگ پر بہت توجہ کی ضرورت ہے تاکہ مخالف ٹیم کو کوئی چانس نہ مل سکے ۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑی پاکستان کیلئے امید ہیں اور آپ نے قوم کی توقعات پر پورااترناہے۔ فتح کے لیے ٹیم ورک بنیادی چیز ہے۔11 کھلاڑی ایک ہوکرپاکستان کے لئے جان لڑا دیں گے تو کامیابی قدم چومے گی۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہاکہ پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرتی ہے اور قوم کو اپنے کھلاڑیوں سے امیدیں ہیں۔ محسن نقوی نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ آخری بال تک فائٹ کریں اور مقابلہ ہوتا دکھائی دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ سے پہلے میچ میں شکست کو کوئی بھی قبول نہیں کر رہا۔ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے بعد اصل امتحان ورلڈکپ ہے۔